26 جولائی 2012 - 19:30

نیٹو سپلائی سات ماہ تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھلنے کے کچھ ہی روز بعد سیکورٹی خدشات کی بناء پر ایک بار پھر بند کردی گئی۔

ابنا: ذرائع کے مطابق نہ تو کوئی ٹرک کراچی بندرگاہ سے افغانستان روانہ ہونے کےلئے کلیئر کیا جارہا ہے اور نہ ہی طورخم پہنچنے والے ٹرکوں کو افغانستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کی جانب سے سلالہ واقعہ کے بعد افغانستان میں تعینات نیٹو فورسز کے لئے سامان رسد کی ترسیل بند کرنے کے سات ماہ بعد جب سپلائی دوبارہ بحال کی گئی تو کچھ ہی روز بعد جمرود میں نامعلوم افراد نے نیٹو سپلائی ٹرکوں کے قافلے پر حملہ کرکے ایک ٹرک کے ڈرائیور کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد سیکورٹی حکام نے نیٹو سپلائی ایک بار پھر عارضی طور پر بند کردی ہے۔ پیرا ملٹری فورسز کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ نیٹو کے حوالے سے سامان لے جانے والے ٹرکوں کی آمدورفت عارضی طور پر بند کردی گئی ہے اور ٹرکوں کی سیکورٹی بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عہدےدار کے مطابق جمرود کے گردونواح میں واقعہ پہاڑیوں میں سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔ ایک مقامی اعلیٰ عہدیدار کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے حکام کو آگاہ کیا تھا کہ رواں ہفتے نیٹو سپلائی ٹرکوں پر حملوں کا خدشہ ہے اور ان اطلاعات کی بنیاد پر ایک سیکورٹی پلان وضع کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سپلائی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپلائی جلد ہی بحال کردی جائے گی۔

.......

/169